تاثر غلط کہ نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، ملیکہ بخاری

June 04, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کی رہنماملیکہ بخاری نے کہاہے کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ نیب خود مختار ادارہ نہیں ہے اور اسے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے یہ اپوزیشن کو سوٹ کرتا ہے۔ شہباز شریف کہتے ہیں میں ادارہ کو جوابدہ نہیں ہوں یہ بات افسوسناک ہے۔ جہانگیر ترین پاکستان کے نمایاں لیڈر تھے ان پر الزامات لگے تحریک انصاف نے ان کا دفاع نہیں کیا وزیر خوراک کو پنجاب میں ہٹایا گیا اور آج تک تحریک انصاف کے کسی نمائندے نے نہیں کہا کہ نیب کو ان کا احتساب نہیں کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظوراور مسلم لیگ نون کی رہنما عظمیٰ بخاری اور دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب بھی شریک گفتگو تھے۔چوہدری منظور نے کہا کہ نو ساڑھے نو ہزار مزدوروں کو فارغ کر دیاگیا ہے جب کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ہم پرائیوٹائزیشن نہیں کریں گے ہمارے پاس بہترین ایکسپرٹ موجود ہیں ہم اسٹیل مل کو چلائیں گے۔ اس سے پہلے انہوں نے essential service ایکٹ لگایا تھا پی آئی اے میں اس کا نتیجہ دیکھ لیا آپ نے، پی آئی اے میں پائلٹ انکار کر دیتے تھے کہ اگر طیارہ میں کوئی خرابی ہے تو اڑانے سے انکار کر دیتے تھے۔essential service ایکٹ مشرف دور میں بھی لگا تھا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خسرو بختیار کے بھی ایک ملازم کے اکاؤنٹ میں چالیس کروڑ ٹرانسفر ہوا ہے اس پر بات نہیں کرتے اگر یہ کاروباری لوگوں نے کوئی طریقہ کار بنایا ہوا تھا یقیناً یہ کسی ایک نے نہیں کیا ہوگا بہت ساروں نے کیا ہوگا اس پر جتنا کسی کا حصہ بنتا ہے اس کے مطابق سزا ملے گی جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کارٹیل کا چالیس فیصد بنتے ہیں ان کو چالیس فیصد سزا ملے گی ہمارا ایک فیصد حصہ بنتا ہے ہمیں اسی حساب سے سزا دے دیں۔دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ پلوامہ کا واقعہ ہوا ایک گھنٹے میں پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا اب بھی کوئی اس طرح کا واقعہ ہوسکتا ہے۔ ملیکہ بخاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون سیاسی انتقام کی تاریخ رقم کی اور سیف الرحمٰن کی مثال موجود ہے۔ جہاں تک عمران خان کے اثاثوں کی بات ہے ہم تمام تر ثبوت اور دستاویزات عدالت میں دے چکے ہیں اور عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا ہے۔ چوہدری منظور نے مزید کہا کہ 2019 ء کی رپورٹس آئی ہیں کرپشن 117 پر تھا 120 پر چلا گیا ہے ڈیموکرسی 108 پر تھی 112 چلی گئی ہے ہیومن رائٹس پر گریڈ ہی نہیں ملے پاکستان کو ، دس گیارہ رپورٹس آئی ہیں وہ سب دیکھ لیں پھر ان کی کارکردگی کو دیکھ لیں۔دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ پلوامہ کا واقعہ ہوا ایک گھنٹے میں پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا اب بھی کوئی اس طرح کا واقعہ ہوسکتا ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی ثبوت نہیں مانگتی بھارت نے ایک عرصے دراز سے تصویر پیش کی کہ پاکستان ہی بھارت میں سب کر رہا ہے۔انڈین قوم اتنی بیوقوف ہے اور مودی نے پاکستانیوں اور مسلمانوں کے خلاف اتنی نفرت بھر دی ہے کہ یہ اپنی تمام مصیبتیں چائنہ کے ہاتھوں ذلت اپنی بھول جائیں گے اگر مودی آج کہہ دے کہ میں نے پاکستان کو سبق سیکھا دیا تو اس کی سیاست بچ جائے گی اس کے سارے کالے کرتوت بچ گئے اس کی قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوجائے گی اس وجہ سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مودی ایسا کرے گا۔ملٹری رسپانس بہت مضبوط ہے سفارتی سطح پر بہتری لانے کی ضرورت ہے۔