ممنوعہ و مضرصحت اشیاء کی فروخت،سیٹلائٹ ٹائون میں7مراکز کو جرمانہ

June 04, 2020

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ممنوعہ، مضر صحت اور زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش کی موجودگی و فروخت پر سات مراکز پر جرمانے عائد کر دئیےجبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ بی ایف اے معائنہ ٹیم نے مذکورہ کارروائی سیٹلائٹ ٹاؤن نیواڈہ کے علاقہ میں کی جہاں قائم ہول سیل ٹریڈرز ،جنرل سٹورز اور ٹی اسٹورز سمیت مختلف کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود مضر صحت مشروبات ،چائنیز نمک ،گٹکا پان پراگ و دیگر مختلف زائدالمیعاد اشیاء خورد نوش کی وافر مقدار برآمد ہونے پر ان مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔چیکنگ کے دوران بی ایف اے حکام نے متعدد مراکز میں فروخت کے لئے موجود خشک دودھ اور چائے کی پتی کے نمونے بھی حاصل کئے جنہیں بعدازاں لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا،علاوہ ازیں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنے کے دوران متعدد مراکز کو وارننگ واصلاحی نوٹس جاری کئے جبکہ مراکز مالکان کو ناقص اشیاء کا کاروبار نہ کرنے ، عوام کو معیاری و محفوظ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے اور صفائی کے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ،اس سلسلے میں مالکان اور مراکز میں کام کرنے والے ورکرز کو خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کئے گئے جبکہ اس حوالےسے انہیں آگاہی بھی دی گئی۔