یاد رکھیں کہ ہماری آخری منزل قبر ہے، حمزہ علی عباسی

June 04, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹر ی کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے دُنیا بھر کی موجودہ صورتحال پر اپنے مداحوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ہم سب کی آخری منزل قبر ہے۔‘

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ’سو سال کے اندر اندر ہم ایک ایسی دُنیا میں چلے جائیں گے جہاں ہمارے منصوبے اِس دُنیا سے مختلف ہوں گے اور ہم چاہ کر بھی دوبارہ اپنی اِس زندگی میں واپس نہیں آسکیں گے۔‘

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ’موجودہ صورتحال کو ذہن نشین کرتے ہوئے ہمیں زندگی اور موت کے بارے میں سوچنا چاہیے کہ ہمیں کسی بھی وقت اپنی حقیقی دُنیا میں جاسکتے ہیں اور ہمیں اِس پر غور کرنا چاہیے کہ ہمارے ساتھ اُس دُنیا میں کیا ہوگا۔‘

اداکار نے کہا کہ ’اور یہ بات بھی اپنے ذہن میں رکھیں کہ ہم سب کی آخری منزل صرف اور صرف قبر ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’یہ دُنیا بہت تیزی تبدیل ہو رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہم سب اُس مختلف دُنیا میں مقیم ہوں گے جسے ہم میں سے کوئی بھی آج تک نہیں جان سکا۔‘

حمزہ علی عباسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکت پر اپنا اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھاکہ نسل پرستی انسان کی ایجاد کی جانے والی سب سے بیکار چیز ہے۔