نک جونس کی بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کی حمایت

June 04, 2020

معروف امریکی اداکار، گلوکار اور موسیقار نک جوناس بھی بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں اور اس حوالے سے سماجی انصاف کی اس تنظیم کے لیے چندہ بھی فراہم کیا۔

27 سالہ امریکی موسیقار و گلوکار نک جوناس جو کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک ہیں، انہوں نے سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی موت کے بعد امریکا میں پیدا ہونے والی صورتحال پر ٹوئٹر پر اپنے خیالات شیئر کیے۔

انکا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ پری (پریانکا چوپڑا) بہت دل گرفتہ ہیں، اس ملک اور دنیا بھر میں عدم مساوات ایک حقیقت اور حیران کن ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر مزید تحریر کیا کہ باقاعدہ اور منظم نسل پرستی، تعصب اور نسلی بنیاد پر بے دخلی بہت آگے بڑھ چکی ہے۔ طویل اور مسلسل خاموشی نے اسے نہ صرف مضبوط کیا ہے بلکہ اسکی اجازت دی کہ یہ مزید پھلے پھولے۔ لیکن اب اسکے خلاف ایکشن لینے کا وقت آگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنا کہہ دینا کافی نہیں کہ میں نسل پرست نہیں، ہم سب کو نسل پرستی کے خلاف کام کرنا ہوگا اور سیاہ فام کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہونا پڑیگا۔

یہ بھی پڑھیے: ’جارج فلائیڈ کی موت نے امریکا میں نسلی امتیاز کو نمایاں‘

اس حوالے سے پہلے قدم کے طور پر اس جنگ کی مدد کرنا ہوگی، جس کے لیے میں نے اور پریانکا نے امریکن سول لبرٹی یونین کو چندہ فراہم کیا ہے۔

انہوں نے آخر میں بلیک لائیوز میٹر کو پیغام دیا کہ ہم آپکے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ سے محبت کرتے ہیں اور جارج فلائیڈ کے لیے انصاف چاہتے ہیں۔