اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ معاشی قتل ہے، مصطفیٰ کمال

June 04, 2020

چیئرمین پاک سرزمین پارٹیمصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ فوری واپس لے، اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز ملازمین کو واجبات ادا ئیگی کے بجائے نوکریوں سے زبردستی نکالنا ظلم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسٹیل ملز ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری

ایک بیان میں مصطفیٰ کمال نے اسٹیل ملز ملازمین کو گولڈن ہینڈشیک دینے کے فیصلے پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پوری انتخابی مہم اداروں کی مضبوطی کیلیے چلائی تھی، اب ایک ایک کر کے اداروں کو نجکاری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے مزید کہا کہ اسٹیل ملز ملازمین کو نکالنے کے اقدام نے ناکام معاشی پالیسی کی قلعی کھول دی، وفاقی حکومت اسٹیل ملز کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو فاقہ کشی سے بچائے اور اسٹیل ملز کے ملازمین کےجائز واجبات فوری ادا کرے۔