جان ہے تو جہان ہے،سول نوعیت کے تمام کیسز کی سماعت ملتوی

June 05, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کورونا وباء کے پیش نظر سول نوعیت کے تمام کیسز کی سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے مختلف مفاد عامہ کے کیسز کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے وکلا اور سائلیں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں مختلف مفاد عامہ کے کیسز کی فوری سماعت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس عمر سیال نے کمرہ عدالت میں وکلا اور سائلین کا ہجوم دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ ہم سب قانون کے رکھوالے سمجھے جاتے ہیں، مگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کررہے، جان ہے تو جہان ہے، ہم سب کے چھوٹے بچے ہیں اور بوڑھے ماں باپ ہیں، ان کا خیال رکھیں، کورونا وائرس سے شکار شخص جس کسی کے ساتھ بھی بیٹھا ہوگا، دو چار کو تو لے ڈوبا ہوگا،عدالتی عملہ اور ہم ڈیوٹی کررہے ہیں مگر وکلا اور شہریوں کو وبا کے دوران خیال کرنا چاہئے، سماجی دوری بہت ضروری ہے لیکن لوگ اتنے خود غرض ہوچکے ہیں کسی کا خیال ہی نہیں، ملک میں اس وقت کوئی ایسے حالات نہیں ہیں، گھر میں بیٹھ گئے تو مشکل ہوگی، کورونا وائرس کی وجہ سے ایک طریقے سے برے حالات ہیں، عدالت صرف ضمانتوں کے کیسز سنیں گی، جو اس وقت جیل میں وہ کورونا وائرس سے زیادہ محفوظ رہے گا۔ عدالت نے مختلف مفاد عامہ کے کیسز کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔