میر شکیل میڈیا کا فرنٹ لائن صحافی، رہا کیا جائے، مقررین

June 05, 2020

لاہور / راولپنڈی (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو میڈیا گروپ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری کیخلاف لاہور اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی کیمپس کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن میڈیا کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں، ان کی گرفتاری میڈیا ہاؤسز پر پابندی لگانے کا منصوبہ ہے، آزادی صحافت کاعلم بلند کرنا ہر دور میں جرم ہی رہا ہے، میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کےروز لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین، سینئر صحافیوں شاہین قریشی، مقصود بٹ، خضرحیات گوندل، فرید عالمگیر، مرزا رضوان، ظہیر انجم، جنگ ورکرز یونین کے سیکریٹری محمد فاروق، عزیز شیخ، منور حسین، محمد علی، اکمل بھٹی، افضل عباس، سول سوسائٹی کے عبداللہ ملک اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن ضمیر کی آواز بلند کرنے پر قید ہیں وہ تو پہلے سے زیادہ عزت اور تکریم کے ساتھ باہر آئیں گے۔ اعلیٰ عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیےاور انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہیں۔میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری ناجائز ہے، رہائی کیلئے ہماری جنگ جاری رہے گی۔ اس موقع پر میر شکیل الر حمٰن کی رہائی کے لئے نعرہ بازی بھی کی گئی۔ جنگ راولپنڈی کے باہر مری روڈ پر احتجاجی کیمپ میں خطاب کرتےہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکومتی ہتھکنڈوں کے سامنے جھکنے کی بجائے قید وبند کی صعوبتوں کو چنا، جنگ گروپ کے ورکرز کو بھی سلام جو 82روز سے اپنے ایڈیٹر انچیف اور آزادی صحافت کیلئے سڑکوں پر ہیں۔ اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے باہر نکلیں پی ایف یو جے اور دوسری صحافتی تنظیموں کے ساتھ ملکر آزادی صحافت کی لڑائی لڑیں۔ احتجاجی کیمپ میں فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، جنگ راولپنڈی کے چیئرمین حنیف خالد، رانا غلام قادر، آر آئی یو جے کے سیکرٹری جنرل آصف بھٹی،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئر مین ناصر چشتی، جنگ کےامجد عباسی، ملک نصرت، راحت منیر، منیر شاہ، اظہر سلطان، شکیل اعوان، سعید احمد، ندیم خان، امجد حسین، فیض چیمہ، عبدالرزاق، زوالفقار علی خان، سید ارشد، شاہد محمود، شعیب خان، استاد شبیر، ظفر اقبال، آغا سجاد، محمد صادق، محمد مبین، اطہر نقوی، سردار ہیرا، ظفر احمد، اسلم خان، عبید عباسی، لیاقت علی، اختر محمود، اقبال محمود، ارشاد قریشی، محمد اصغر، عباس عالم، عامر نعیم، افضل گورائیہ، شہزادہ افتخار، سمیت جنگ، دی نیوز اور جیوکے ورکرز بھی بڑی تعدادمیں موجود تھے۔ شرکاء نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے احتجاج کیا۔