محفوظ انتقال خون کے لیے سرکاری اور نجی بلڈ بنکس کا مشترکہ منصوبہ تشکیل دیا جائیگا ٗ ڈاکٹر ربابہ

June 05, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں محفوظ انتقال خون کے لیے ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ میں تمام سرکاری اور نجی بلڈ بنک کا مشترکہ الحاقی منصوبہ تشکیل دیا جائے گا منصوبے کی بدولت ضرورت مند مریضوں کو انتقال خون سے قبل ڈونر بلڈ کے تمام طبی ٹیسٹ اور اسکیننگ کی جائے گی تاکہ ایک مرض سے شفایاب ہوتے ہوئے مریض کسی دوسرے محلق مرض کا شکار نہ ہوجائیں صحت عامہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے سرکاری سطح پر عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور محکمہ صحت بلوچستان میں ہونے والی اصلاحات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر بی سی سینٹر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں محفوظ انتقال خون کا طریقہ کار طے کرنے جاررہے ہیں ان اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ کو انتقال خون کے صحت مندانہ رجحان کا مرکز بنایا جائے گا معمولی سے بے احتیاطی کے باعث مریض ایک مرض سے چھٹکارا پانے کے لیے دوسرے مرض میں مبتلا ہو جاتا ہے ایسی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آر بی سی سینٹر کوئٹہ میں تمام سرکاری اور نجی بلڈ بنک کا مشترکہ الحاقی منصوبہ تشکیل دیا جائے اور انتقال خون سے قبل مریض کو دئیے جانے والے خون کے تمام ٹیسٹ اور اسکیننگ کی جائے کلئیر رپورٹ آنے کے بعد انتقال خون کا عمل پایا تکمیل کو پہنچایا جائے۔