اسپیشل پروفیشنل الائونس کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی‘ وقاص شاہین

June 05, 2020

کوئٹہ (خ ن)محکمہ تعلقات عامہ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آل بلوچستان ٹیکنیکل کلرک اینڈ ایمپلائز سٹاف ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت وقاص شاہین اور شمس اللہ کاکڑ ہوا۔اجلاس میں عہدیداروں اور تمام ملازمین نے شرکت کی اجلاس میں محکمے کے لیے اسپیشل پروفیشنل الاؤنس کے حصول کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اور فیصلہ ہوا کہ محکمہ تعلقات عامہ 24گھنٹے الیکٹرونک،پرنٹ اور شوشل میڈیا پر حکومتی کارکردگی اور پبلسٹی بھرپور انداز میں کررہا ہے۔محکمہ تعلقات عامہ عمومی حالات سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 24گھنٹے فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتاہے خصوصاً کرونا وائرس کی ہنگامی صورتحال میں محکمے کے آفیسران و ملازمین مسلسل 24گھنٹے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ محکمے کے دس آفیسران اورملازم کرونا وائرس سے متاثرہ ہوئے ہیںجبکہ حکومت بھی بخوبی جانتی ہے کہ حکومت کے تمام امور خصوصاً موجودہ ہنگامی حالات کی تمام کوریج محکمہ کررہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران حکومت نے جن سات محکموں کو کام جاری رکھنے کا کہاتھا اس میں محکمہ ہذا بھی شامل ہےلیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ اس محکمے کا آج تک مالی طور پر کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا ہے عملہ انتہائی قلیل تنخواہوں میں گزارا کررہا ہے۔اس کے علاوہ خصوصی اعزازی تنخواہ دیتے وقت بھی محکمے کی سمری کو فنڈز نہ ہونے پر منظورنہیں کیاجاتا۔