مضر صحت اشیاء ‘کوئٹہ چمن شاہراہ و کچلاک بازار میں متعدد مراکز سیل

June 05, 2020

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے کوئٹہ چمن شاہراہ اور کچلاک بازار میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال زائدالمیعاد و مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر پانچ مراکز سیل جبکہ دس مراکز پر جرمانہ عائد کردیا ۔بی ایف اےحکام نے علاقے میں قائم ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، مصالحہ شاپس،میٹ شاپس سویٹس اینڈ بیکرز اور نان شاپس کا معائنہ کیا،سیل و جرمانہ کیے گئے مراکز سے زائد المیعاد کھانے پینے کی اشیاء ، مصالحہ جات اور دیگر خراب اور غیر محفوظ خوراک کی وافر مقدار قبضے میں لے کر بعدازاں تلف کردی گئی۔واضح رہے کہ بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں مذکورہ مراکز کا اس سے قبل بھی کئی بار دورہ کر چکی ہیں، کھانے پینے کے مراکز کے مالکان و عملے کو صفائی کے انتظامات اور عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی بارے بتایا گیا جبکہ اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے انہیں بی ایف اے کے خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کئے گئے لیکن اس کے باوجود ان مراکز میں ناقص اشیاء کی تیاری و فروخت، زائدالمیعاد خوردنی اشیاء کی موجودگی اور صفائی کے انتظامات پر بھی کوئی توجہ نہ دینے پر مراکز کےخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔