پٹرول غائب،فوری دستیابی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے جائیں،جمعیت نظریاتی

June 05, 2020

کوئٹہ ( آن لائن )جمیعت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار شاہ چشتی،مفتی شفیع الدین، عبیداللہ حقانی،حاجی حیات اللہ کاکڑ، مولانا محمدحیات ، حاجی محمداسلم ترین ودیگرنے کہا ہےکہ کوئٹہ شہر میں پمپس پر پیٹرول ناپید ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے بعد پمپوں سے پٹرول غائب ہوچکا ہے۔ پٹرول پمپوں پر فراہمی کے احکامات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس مالکان کادعویٰ ہے کہ سپلائی نہیں مل رہی اور پیٹرول سستا ہونے پر ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے، کوئٹہ میں چند ایک پمپوں سے پیٹرول مل رہا ہے، جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی قطاریں لگی ہیں۔پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو بہتات ہوتی ہے اورجب سستا ہونا شروع ہوتا ہے پیٹرول غائب ہو جاتا ہے، لہذہ اوگرا اور انتظامیہ ان کے خلاف کارروائی کرے اس طرح عوام کو مشکلات میں ڈالنے والوں کے لائسنس کینسل کئے جائیں۔ انتظامیہ کی بے بسی اور عدم توجہی کے باعث پیٹرول ناپید ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ پمپ مالکان کو فوری طوری پر پٹرولیم مصنوعات کی فوری دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرے۔