ہیلتھ ورکرز کیلئے پانچ فیصد بیڈز اور وینٹی لیٹرز مختص کئے جائیں، پی ڈی اے

June 05, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے حکومت اور تدریسی ہسپتالوں کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کے لئے پانچ فیصد بیڈز، وینٹی لیٹرز اور جنہیں وینٹی لیٹرز کی ضرورت نہیں، کے لئے ایک ہسپتال مختص کیا جائے جس سے نہ صرف متاثرین کا بہتر علاج ہوگا بلکہ ان کا مورال بلند ہوگا۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد زبیر ظاہر، صدر ڈاکٹر امیر تاج خان اور سیکرٹری ڈاکٹر عالمگیر خان نے وزیر صحت، ہسپتالوں کے میڈیکل ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھ دیا ہے جس میں ان کی توجہ صوبے بھر میں بڑی تعداد میں ہیلتھ ورکرز کے کورونا سے متاثر ہونے کی جانب مبذول کرائی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی سی یوز بھی پانچ فیصد بیڈز ڈاکٹروں اور صحت عملے کے لئے مختص کئے جائیں۔ پی ڈی اے نے ہیلتھ ورکز کی کورونا سے متاثر ہونے کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کی وجہ غیر معیاری ذاتی تحفظ کے آلات(پی پی ایز)، مریضوں کی بڑھتی تعداد اور کم ٹیسٹ قرار دیا ہے۔