پی سی بی نے برطرف ملازمین بحال کردیے

June 05, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے برطرف کئے جانے والے 55 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے نوٹسز واپس لیتے ہوئے انہیں واپس سے بحال کردیا ہے۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق 22 ملازمین مستقل بنیادوں پر کام کر کر رہے تھے،جبکہ 33 کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت 30 جون کو ختم ہو رہی تھی۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدوں میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ مستقل ملازمین معمول کےمطابق کام جاری رکھیں گے۔

ذرائع پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے بھی 10 چھوٹے ملازمین کو فارغ کردیا گیا تھا، جس کے بعد ملازمین نکالنے پر پی سی بی کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ روز ملازمین بر طرف کیے جانے کے بعدقومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اقبال محمد علینے پی سی بی کے اس اقدام پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اقبال محمد علی نے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کے لئے یہ عملی طور پر بڑے پن کا مظاہرہ کرنے کا وقت تھا، کہ وہ اپنی تنخواہوں میں خود رضا کارانہ طور پر کٹوتی کا پروانہ لے کر بورڈ کے سربراہ کے پاس جاتے لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پھیلی عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب موجودہ حالات کی وجہ سے پی سی بی کو فیصلہ فی الحال روکنا پڑا ہے، تاہم ذرائع پی سی بی نے بتایا کہ اضافی اورغیر فعال اسٹاف کو فارغ کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد بعد میں کیا جائے گا۔