کورونا کے باعث ٹیکس میں 30 فیصد کمی آئی، حماد اظہر

June 05, 2020


وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ٹیکس فائلرز میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث ٹیکس جمع کرنے میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں وزارتِ اقتصادی امور نے تحریری جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں وزارتِ اقتصادی امور کے ساتھ 56 این جی اوز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے سینیٹ کو بتایا کہ ٹیکس فائلرز کی تعداد 1 اعشاریہ 6 ملین سے بڑھ کر 2 اعشاریہ 6 ملین ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث ٹیکس جمع کرنے میں 30 فیصد کمی آئی ہے، آئی ایم ایف کی پاکستان سے متعلق رپورٹس ان کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بنچ مارک سے بہتر کارکردگی دکھائی، آئی ایم ایف نے کورونا وائرس کے بحران میں ہماری مدد بھی کی۔

یہ بھی پڑھیئے: ذخیرہ اندوزوں کیخلاف نیا قانون لا رہے ہیں: حماد اظہر

انہوں نے سینیٹ کو بتایا کہ کورونا وائرس کے بحران میں ہم سخت اقدامات نہیں کرنا چاہتے جس سے معیشت متاثر ہو، الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ الیکٹریکل 2وہیلر، بس اور ٹرک پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جلد اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لے جائیں گے،جلد ہمارا الیکٹریکل 4 ویلرز سے متعلق اتفاق ہو جائے گا۔