میں آریانا گرانڈے کی طرح نہیں بننا چاہتی، آئمہ بیگ

June 05, 2020


کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والی پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے آریانا گرانڈے کو کاپی کرنے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑتے ہوئےکہا کہ میں کبھی بھی آریانا گرانڈے کی طرح نہیں بننا چاہتی ہوں۔

حال ہی میں آئمہ بیگ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے ایک لائیوسیشن رکھا جس میں اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں کے دلچسپ سوالوں کے جواب دیے۔

لائیو سیشن کے دوران ایک مداح نے آئمہ سے سوال کیا کہ آپ آریانا گرانڈے کی طرح بننے کی کوشش کیوں کرتی ہیں؟ اِس سوال کے جواب میں آئمہ بیگ نے کہا کہ ’صرف ایک پونی اور ایک لائنر مجھے آریانا گرانڈے نہیں بنا سکتا ہے اور میں خود بھی آریانا کی طرح نہیں بننا چاہتی ہوں۔‘

آئمہ بیگ نے کہا کہ ’مجھےآریانا کی آواز اور اسٹائل پسند ہے لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ان کی طرح بننا چاہتی ہوں، اسی طرح مجھے ہانیہ، سلینا اور مومنہ کا انداز بھی بہت پسند ہے تو کیا میں اُن کی طرح بھی بننے کی کوشش کرتی ہوں۔‘

گلوکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’اس میں کوئی برائی نہیں کہ اگر آپ کسی ایسی شخصیت کا اسٹائل نقل کر رہے ہیں جس نے آپ کو متاثر کیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کوئی بھی شخص اپنی پسندیدہ شخصیت کا انداز اِس لیے اپنانے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ دیکھنا چاہتا ہے کہ وہ اِس اندازمیں کیسا دکھائی دے گا۔‘

یاد رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے سیزن 5 کی افتتاحی تقریب میں آئمہ بیگ نے امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کے جیسا ہیئر اسٹائل اور لباس پہنا ہوا تھا جس کے بعد اُنہیں آریانا کا اسٹائل کاپی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔