پلاسٹک کریٹس سے تیار کردہ مسجد

June 05, 2020


انڈونیشیا نے پہلی بار بوتلوں کے پلاسٹک کریٹس سے مسجد تیار کی ہے۔

پلاسٹک کا کچرا ہمارے ماحولیاتی نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جو ناصرف ہماری زمین کو آلودہ کرتا ہے بلکہ فضائی آلودگی کا بھی سبب بنتا ہے، ایسے میں انڈونیشیا میں ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے بوتلوں کے پلاسٹک کریٹس سے مسجد تعمیر کی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا نے بوتلوں کے پلاسٹک کریٹس سے ایشیاء کی سب سے پہلی ’ماحول دوست مسجد‘ تعمیر کی ہے جس کی عمار ت تقریبا 440 مربع فٹ ہے۔

پلاسٹک کریٹس سے تعمیر کی گئی مسجد میں وضو خانہ بھی بنایا گیا ہے اِس کے علاوہ اِس مسجد میں لوگوں کے آرام کر نے کے لیے بھی ایک جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ نماز پڑھنے کے لیے فرش لکڑی کا بنایا گیا ہے۔

اِس کے علاوہ مسجد کے اندرونی اور داخلی راستوں پر پودے بھی لگائے گئے تاکہ فضائی آلودگی بھی صاف ہو سکے۔

مسجد میں ایک حصہ مردوں کی نمار ادا کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایک حصہ خواتین کے لیے ہے۔

انڈنیشیا کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مسجد تعمیر کرکے انتظامیہ نے بہت اچھا کام کیا ہے، یہ ناصرف ماحول دوست مسجد ہے بلکہ یہاں سکون بھی بہت ہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا نے 2024 تک اپنے ملک کو پلاسٹک آلودگی سے پاک کرنے کا ہدف لیا ہے، 2017 میں انڈونیشیا کے نائب صدر نے اعلان کیا تھا کہ سال 2020 میں انڈونیشیا میں 1000 ماحول دوست مساجد تعمیر کی جائیں گی۔