قومی اسمبلی کے مزید 10 ملازمین کورونا کا شکار

June 05, 2020


قومی اسمبلی کے مزید 10 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد قومی اسمبلی میں 3 دن کے دوران 30 سے زائد ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو رپورٹ ارسال کر دی ہے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کے ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وزارتِ پارلیمانی امور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی خواہش ظاہر کی تھی۔

وزارتِ پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو خط لکھا گیا تھا اور اس میں سفارشات پر سختی سے عمل پیرا ہو نے کی استدعا کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج (5 جون) سے شروع ہو گا۔

قومی اسمبلی کا جون میں شروع ہو نے والا سیشن اگست تک جاری رہے گا تاکہ آئینی طور پر لازم 130 دن اجلاس کی مدت پوری کی جا سکے۔

پارلیمنٹ کی کورونا وائرس کمیٹی نے اجلاس کے حوالے سے سفارشات پیش کی تھیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیئے: اسپیکر قومی اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اب وزارتِ پارلیمانی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے موقع پر صرف متعلقہ ارکان ہی پارلیمنٹ میں داخل ہو سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے جو ملازمین اور ارکانِ پارلیمنٹ کورونا وائرس کی وبا کا شکار ہو ئے تھے انہوں نے خود کو پارلیمنٹ لاجز ہی میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس پر کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیاتھا کہ کوئی بھی رکن وائرس کے حوالے سے منفی رپورٹ کے بغیر پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل نہیں ہو گا۔