جون 2020ء میں 2 گرہن لگیں گے

June 05, 2020


رواں سال جون میں دو گرہن لگیں گے ایک گرہن چاند کو اور دوسرا سورج کو لگے گا، گرہن کے دوران چاند کی روشنی مدہم ہوجائے گی جبکہ سورج کے گرد روشنی کا ہالہ دیکھا جاسکے گا۔

خلا میں ہونے والی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھنے والے اس بار جون میں دو گرہن دیکھیں گے ایک گرہن چاند اور ایک سورج کو لگے گا۔

ڈائریکٹر اسپپس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر پروفیسر جاوید اقبال کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن 5 اور6 جون کی درمیانی شب ہوگا، اس دوران چاند کی روشنی مدہم ہوجائے گی۔

چاند گرہن کا آغاز رات 10 بجکر 46 منٹ پر ہوگا،یہ گرہن 12 بجکر 25 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا جس کے بعد یہ چاند گرہن 2 بجکر 4 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔

پاکستان میں سورج گرہن کو جزوی گرہن صبح 8 بجکر 46 منٹ پر لگے گا، 9 بجکر 48 منٹ پر سورج کو مکمل گرہن لگنا شروع ہوگا، 11 بجکر 40 منٹ پر سورج گرہن اپنے عروج پر ہوگا ، 1 بجکر 32 منٹ پر مکمل سورج گرہن ختم ہونا شروع ہوگا اور اس کے بعد 2 بجکر 34 منٹ پر جزوی سورج گرہن بھی ختم ہوجائے گا۔

ماہرین فلکیات کہتے ہیں کہ سورج اور چاند کے درمیان زمین آ جائےتو چاند کو گرہن لگتا ہے، چاند گرہن کا نظارہ پاکستان سمیت یورپ، ایشیا کے زیادہ ترحصوں میں، آسٹریلیا، افریقا، ساوتھ امریکا سمیت دیگر ممالک میں کیا جاسکے گا۔

پاکستان میں سورج گرہن 21 جون کو ہوگا،واضح رہے 21 جون کو سال کا طویل ترین دن بھی ہوتا ہے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ گوادر سے سکھر تک کے مختلف علاقوں میں سورج کے گرد روشنی کا ہالہ دیکھا جاسکے گا، کراچی میں 90فیصد رنگ فائر نظر آنے کا امکان ہے۔