نوید رضا خوفزدہ کیوں ہیں؟

June 05, 2020

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار نوید رضا کا کہنا ہے کہ کورونا ایک ایسا بدترین وائرس ہے جس سے پوری دُنیا نمٹ رہی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں نوید رضا نے کہا کہ ’اگر آپ کو اپنے اہلِ خانہ یا پھر اپنے آس پاس کے لوگوں سے صرف دو فیصد بھی محبت یا ہمدردی ہے تو آپ یہ نہ کہیں کہ کورونا موجود نہیں ہے۔‘

نوید رضا نے کہا کہ ’آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ اِس وائرس میں مبتلا ہونے والا شخص کن کن مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’کورونا کے مریض کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے، تیز بخار میں جلتا ہے، پٹھوں اور سر کا درد برداشت کرتا ہے، کھانے کا ذائقہ محسوس نہیں ہوتا اور ہر وقت تھکاوٹ کا شکار رہتا ہے۔‘

اُنہوں نےاپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ وائرس ہر صبح ایک نئی علامات لیکر آتا ہے جس سے مریض کا ڈر مزید بڑھ جاتا ہے کہ وہ اپنے پیاروں سے بچھڑ جائے گا۔‘

نوید رضا نے کہا کہ ’کورونا ایک نہایت ہی بدترین وائرس ہے جس سے پوری دُنیا نمٹ رہی ہے۔‘

اداکار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’برائے مہربانی گھروں میں رہیں اور خود کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔‘

یا د رہے کہ اِس سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں نوید رضا نے کورونا کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ساتھی اداکاروں کو کورونا کی علامات سے آگاہ کیا تھا۔

نوید رضا نے کہا تھا کہ ’پہلے دن اُنہیں سر اور جسمانی درد کے ساتھ پانی کی کمی محسوس ہوئی جبکہ اُس کے اگلے دن اُنہیں بخار کے ساتھ ہی کمزوری بھی محسوس ہونے لگی لیکن اِس کے ساتھ نہ اُن کو فلو ہوا اور نہ ہی گلا خراب ہوا۔‘

اداکار نے بتایا تھا کہ ’تیسرے دن بھی اُن کی یہی حالت رہی تھی اور اُس کے بعد اُنہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ مثبت آیا۔‘