آلِ شریف کی کرپشن کا احوال ہر ایک کو پتہ ہے: فیاض چوہان

June 05, 2020

پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ آلِ شریف کی کرپشن کا احوال بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر ایک کو پتہ ہے۔

مسلم لیگ نون کے ترجمانوں کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ لیگی قائدین الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی روش پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنا، دھیلا، روپیہ اور پائی کا راگ الاپنے والے اپنی کرپشن، بد دیانتی اور اقربا پروری کے خلاف ثبوت نہیں لا سکے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نیب، تحقیقاتی و احتسابی اداروں نے آلِ شریف کی کرپشن کے ڈھیروں ثبوت پیش کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: نواز شریف ایٹمی دھماکے کے خلاف تھے، فیاض چوہان

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا ہے کہ جواب میں نون لیگی ترجمانوں کو وزیرِ اعظم میں نقص اور عیب نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

فیاض چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں کے ٹھوس شواہد کے سامنے زبانی جمع خرچ کی کوئی وقعت نہیں ہے۔