سابق مسٹر پاکستان چیمپئن یحییٰ بٹ بھی کورونا میں مبتلا

June 05, 2020

سابق مسٹر پاکستان چیمپئن یحییٰ بٹ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے یحییٰ بٹ کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے عوام سےاحتیاط کی اپیل کی ہے۔

دو روز قبل یحییٰ بٹ کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے سابق مسٹر پاکستان چیمپئن یحییٰ بٹ کی کورونا سے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ یحییٰ بٹ کو صحت و تندرستی عطا کرے۔

رائے تیمور کا کہنا ہے کہ یحییٰ بٹ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور باڈی بلڈنگ کے لئے ان کی گراں قدر خدمات ہیں۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاط کریں اور حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں۔