اراکین قومی اسمبلی سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، اسپیکر اسد قیصر

June 05, 2020

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسمبلی اجلاس کے دوران کورونا وائرس سے ایس او پیز نظر انداز کرنے پر اراکین قومی اسمبلی پر برہم ہوگئے۔

اسلام آباد میں ہو نے والے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر اسد قیصر نے رکن اسمبلی جنید خان کو ماسک نہ پہننے پر برہمی کا اظہار کیا اور اُنہیں ماسک پہننے کی ہدایت کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام اراکین پروٹوکول کا خیال رکھیں، اپنے اوپر اور پوری قوم پر رحم کریں۔

انہوں نے کہا کہ جس نے آپس میں بات کرنی ہے ایوان سے باہر چلا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ رانا ثنااللّٰہ صاحب آپ بہت قریب ہوگئے ہیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ رکن قومی اسمبلی برجیس طاہر سے سرگوشی کر رہے تھے۔

اسپیکر نے کہا کہ آپ لوگ خود اپنے دشمن بن رہے ہیں، ایسے میں اجلاس ختم کر دون گا، اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ میرے اہلخانہ نے یہ تکلیف بھگتی ہے، مجھے اندازہ ہے۔