قومی خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

June 05, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے، 9 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیئے گئے ہیں جبکہ 9 مزید پلیئرز کو ایمرجنگ کیٹیگری کے کنٹریکٹس ملے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والی ثنا میر کے علاوہ سدرا امین اور ناشرا سندھو کو کنٹریکٹ نہیں ملا جبکہ ندا ڈار اے کیٹیگری سے سی کیٹیگری میں چلی گئیں۔

پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق کنٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں بسمعہ معروف اور جویریہ خان کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں پلیئرز پچھلے کنٹریکٹس میں بی کیٹیگری میں تھیں۔

بی کیٹیگری میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز شامل ہیں، ڈیانا بیگ پچھلے سیزن میں سی کیٹگری میں شامل تھیں جبکہ سی کیٹیگری کے پلیئرز میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار شامل ہیں۔ ندا ڈار اے کیٹیگری سے سی کیٹیگری آئیں۔

ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم، 22 سالہ منیبہ علی، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

انعم امین اور عمیمہ سہیل دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔

پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریز کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے بسمہ معروف کو اگلے سیزن تک کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے تاہم ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی کے مطابق اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پاکستان ویمن سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی جس میں گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کاجائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی اہم فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کو عمدہ کارکردگی کی بدولت کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کی وجہ سے ندا ڈار کی کٹیگری میں تنزلی کی گئی ہے، اب چھ ماہ بعد سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی خواتین کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔