حکومت نجی تعلیمی اداروں کے حالات کی سنگینی کا ادراک کرے، پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن

June 06, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن تحصیل ٹیکسلا کا اجلاس زیر سرپرستی ڈویژنل صدر ابرار احمد خان ہوا۔ اجلاس میں شیخ قمر، امجد خان، اقبال اعوان، عاطف عزیز، چوہدری صفدر، بابر اعوان، محمد امین کے علاوہ دیگر ایگزیکٹو ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیاکہ حکومتی ذمہ داروں کو نجی تعلیمی اداروں کے موجودہ حالات کی سنگینی کا ادراک ہونا چاہئے۔ اگر انکے پاس اس بدقسمت سیکٹر کو تباہی سے بچانے کا کوئی حل موجود نہیں ہے تو کم از کم وہ ہمارے زخموں پر نمک پاشی نہ کریں۔ حکومتی عدم توجہی کے باعث یہ شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کی طویل بندش کے باعث ہزاروں تعلیمی اداروں کے ختم ہونےپر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔