خواتین ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ویمن ڈیسک قائم کردیا‘ربابہ بلیدی

June 06, 2020

کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے محکمہ صحت میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور ہر سطح کی خواتین ملازمین کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے خصوصی’’ ویمن ڈیسک‘‘قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیسک جلد ہی فعال کردیا جائے گا شعبہ طب سے وابستہ خواتین اپنے مسائل کے حل کے لئے بلا جھجک اس ڈیسک سے رابطہ کرسکتی ہیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی ملازم پیشہ اور عام خواتین کو روز مرہ امور کی انجام دہی اور اپنے مسائل کے حل میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے انہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ابتدائی طور پر محکمہ صحت بلوچستان کی خواتین کے لئے خصوصی ویمن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس میں سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی نے خصوصی توجہ اور بھر پور محکمہ جاتی تعاون کو یقینی بنایا جس کی بدولت ہم اس اہم اقدام کی پلاننگ اور عملی پیش رفت کرنے میں کامیاب رہے اس ڈیسک کے انتظام و انصرام سنبھالنے کے لئے بعض خواتین افسران نے رضامندی ظاہر کی ہے جلد یہ ڈیسک فعال ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں خواتین کو اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے لئے محفوظ اور تسلی بخش ماحول کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات تجویز کرنا ہونگے تاکہ خواتین پوری یکسوئی سے اپنے فرائض کی بجا آواری کو یقینی بنا سکیں ۔