پاکستان کو فلپائن کے طرز کے لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے

June 06, 2020

مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک ریاض جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس وقت فلپائن کے طرز عمل کے لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے جہاں حکومت کی جانب سے سخت لیکن عوام دوست پالیسی بنائی گئی ہے جس کے تحت نظام زندگی بھی چل رہا ہے اور لوگ کورونا سے بھی محفوظ رہتے ہوئے کاروبار زندگی میں بھی شامل ہیں۔

ملک ریاض جیلانی جن کا فلپائن میں بھی کاروبار ہے، کہنا ہے کہ فلپائن میں حکومت نے ہر خاندان کو ایک پاس جاری کیا ہوا ہے جس کے تحت پاس رکھنے والے خاندان کا فرد ایک دن چھوڑ کر ہی گھر سے باہر نکل سکتا ہے اور پاس نہ ہونے کی صورت میں وہ گرفتار کرلیا جائے گا۔

ضروری سروسز جیسے پرچون سمیت پیٹرول پمپ اور اسپتال میں ملازمت کرنے والے افراد کو بھی خصوصی پاس جاری کیے گئے ہیں تاکہ وہ روزانہ اپنی کاموں پر پہنچ سکیں۔

ملک ریاض جیلانی نے کہا کہ فلپائن کے شہروں میں پولیس اور فوج کا سخت کنٹرول ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سخت ترین انداز میں نمٹا جاتا ہے جس کے باعث لوگ بھی قانون کی خلاف ورزی سے کتراتے ہیں۔

ملک ریاض جیلانی نے کہا کہ فلپائن میں اب کورونا خاصی حد تک کنٹرول میں ہے یہ وجہ ہے کہ فلپائن میں انتہائی تیزی سے شروع ہونے والے کورونا کیسز اب تک صرف 20987 افراد تک پہنچ سکا ہے جس میں 985 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 4300 افراد تا حال کورونا سے متاثر ہیں۔