ہر اِک ادا میں اس کی ہے قوسِ قزح کا رنگ....

June 14, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: نیہا لج

ملبوسات اورزیورات:تحسین تسنیم

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: عالیہ نثار

لے آؤٹ: تنویر شیخ

وہ بھی کیا حسین وقت تھا، جب زندگی معمول کے مطابق گزر رہی تھی اور اِن ہی دِنوں میں شادی بیاہ کی تقریبات کا زور رہتا تھا۔ لڑکیاں بالیاںزرق برق کپڑےزیبِ تن کیے،خوب سج دھج کرآنچل لہراتی شادی ہالز کی خُوب رونق بڑھاتی تھیں اور دلہنیا کے تو لباسِ فاخرہ اور آرایش پر نظر ٹک ہی نہ پاتی تھی، مگر جب سے کورونا وائرس کی وبا پھوٹی ہےاور اس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا نظام متعارف کروایا گیا ہے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی خاطر ہر قسم کی تقریبات کا سلسلہ بھی وقتی طور پر رک سا گیا ہےاورہر کوئی اس نئے طرزِ زندگی کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوششوں میں لگا ہے ۔ بہرحال، معمولات ِ زندگی چوں کہ آہستہ آہستہ بحال ہورہے ہیں،تو محدود پیمانے پر گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات کا انعقاد بھی ہونے لگا ہے۔تو لیجیے، اسی مناسبت سےہماری آج کی بزم بھی عن قریب رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی دلہنوں کے لیے ایک بہت ہی عُمدہ و دِل کش انتخاب سے مرصّع ہے۔

ذرا دیکھیے، آف وائٹ بھاری کام دار شرارے کے ساتھ باٹل گرین رنگ کام دار پیپلم کا انداز کیسا شاہانہ لگ رہا ہے،پھر ساتھ زیورات کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔ کریم اور گہرے سُرخ رنگ کے حسین امتزاج میں کام دار ٹیل میکسی کے تو کیا ہی کہنے۔میکسی پر انتہائی خُوب صُورت کام کیا گیا ہے، توسُرخ رنگ دوپٹّے پر تھریڈ ورک اور باریک گوٹے کا جال خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ ستاروں کے کام سے آراستہ سُرخ رنگ غرارے کے ساتھ کنٹراسٹ میں گہرے سبز رنگ کی بَھری بَھری کام دار قدرے چھوٹی قمیص بھلی معلوم ہورہی ہے، تو ساتھ اسکن رنگ بھاری کام دار دوپٹّے نے پیراہن کی شان بڑھا دی ہے۔آف وائٹ رنگ تھریڈ ورک سے آراستہ فِش غرارہ، چولی بھی ایک دِل کش اسٹائلش پہناوا ہے، تو گہرے سُرخ اور فون رنگ کے حسین کامبی نیشن میں ڈبل لیئر میکسی کا انداز بھی دِل موہ رہا ہے۔ میکسی کے اِنر پر باریک گوٹے کا جال ہے، توفرنٹ اوپن اَپر پرجابجا دبکے اور نگوں کی بُوٹیوں کی جاذبیت نمایاں ہے۔ رہی بات شیشہ ورک سے آراستہ سُرخ رنگ دوپٹّے اور جیولری کی، تو اس کی جتنی بھی تعریف کریں، کم ہے۔