لاک ڈاؤن، بے روزگار کھلاڑیوں پر توجہ دی جائے، وسیم ہاشمی

June 09, 2020

کراچی اسپورٹس فورم کے چیف آرگنائزر سید وسیم ہاشمی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور چاروں صوبائی وزراء اعلی سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے بیروزگارہونے والے اور تنخواؤں سے محروم کھلاڑیوں کی مددکیلئے فوری اقدامات کئے جائیں انٹرنیشنل ایونٹس میں قومی پرچم سربلند کرنے والے بیشتر کھلاڑی اس وقت مالی پریشانیوں کے باعث شدیدکسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اور ان کے گھروں میں فاقوں تک کی نوبت آگئی ہے۔

اس تشویشناک صورتحال کا ملک کے اسپورٹس مین وزیراعظم عمران خان فوری نوٹس لیں اور متاثرہ کھلاڑیوں کی مالی مدد اور ان کی تنخواؤں کی ادائیگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پرایکشن لیتے ہوئے کھلاڑیوں کے متعلقہ اداروں کواحکامات صادر فرمائیں وسیم ہاشمی نے کہاکہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ کراچی اسپورٹس فورم کے پلیٹ فارم سے لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال سے متاثرہونے والے زیادہ سے زیادہ مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ اسٹاف کوان کے گھروں میں راشن بیگ، سینی ٹائزرز اور حفاظتی ماسک پہنچایا جائے۔

تاہم حکومت وقت کواس ضمن میں فوری اقدامات کرناہوں گے واضح رہے کہ جمعرات کو میڈیا میں پاکستان کے انٹرنیشنل باکسر اور ایشین گیمزکے سلور اور ساؤتھ ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ باکسر رشید قنبرانی کودوماہ کی تنخواہ نہ ملنے کی خبر نشر ہونے کے بعد کراچی اسپورٹس فورم کے چیئرمین آصف عظیم نے رشیدقنبرانی سے فوری رابطہ کیا اور انہیں فورم کیجانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گفتگوکے دوران رشیدقنبرانی کاکہنا تھا کہ وہ اس وقت پاکستان اسٹیل ملزمیں گارڈ کی نوکری پرمامور ہیں اور عید سمیت گزشتہ دوماہ سے سے تنخواہ سے محروم ہیں 2012 سے ابتک تنخواہ میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تین سال قبل علاج کیلئے پیسے نہ ہونے کے سبب میرا سترہ سال کاجوان بیٹا انتقال کرگیا اور اس وقت میرے پاس غربت کے باعث اپنے بیٹے کے کفن اور تدفین تک کے پیسے بھی نہیں تھے۔

میں نے ملک کیلئے قومی اور عالمی سطح پرکئی اعزازات جیتے 1993 کے ڈھاکہ اور 1995 کے مدراس میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز مین پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا 1997 میں کوالمپور میں منعقدہ ایشین باکسنگ چیمپئین شپ میں سلور میڈل جیتا 1997 میں کراچی نیں ہونے والے قائد اعظم انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا 1997سے 2002 تک باکسنگ کی ورلڈرینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر رہا 1997 میں باکسنگ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا مسلسل 14 سال تک قومی باکسنگ چیمپئین رہا کئی ممالک سے کھیلنے کی آفرز ہوئیں مگر ہمیشہ اپنے ملک کیلئے کھیلنے کوترجیح دی رشید قنبرانی کامزید کہنا تھا کہ ان کے بڑے بھائی مجید قنبرانی بھی سیف گیمز کے گولڈ میڈلسٹ اور ایشین باکسنگ چیمپئین شپ میں سلورمیڈل جیت چکے ہیں بدقسمتی سے ہمارے ملک میں کھلاڑیوں کوان کی زندگی میں وہ مقام نہیں دیا جاتا جس کے وہ حقدار ہوتے ہیں رشید قنبرانی نے اس موقع پر اعلی حکام سے اپیل کی کہ مہنگائی کے اس دور میں ہماری تنخواؤں کی ادائیگی کویقینی بنایاجائے