پاکستان میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تصدیق شدہ فہرست جاری

June 09, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)دی ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ’ تصدیق شدہ (Approved Employer) فہرست جاری کر دی ہے ،یہ اِن اداروں میں ،عملے کو فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم و ترقی کا اعتراف ہے۔جن ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اے سی سی اے کی جانب سے تصدیق شدہ آجر کا درجہ دیا گیاہے اْن میں Daraz.pk، CarFirst، Cheetay Logistics، Folio3 Private Limited اور Punjab Information Technology Board شامل ہیں۔اس موقع پر اے سی سی اے پاکستان کے ہیڈ، سجید اسلم نے کہا ’’ہم شدت سے یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں زبردست صلاحیت موجود ہے کہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں اور برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ اے سی سی اے ٹیکنالوجی انڈسٹری کی اعانت جاری رکھے گی اور ہم اِس ایکو سسٹم سے تعلق رکھنے والے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اِن کمپنیوں کے لیے اے سی سی اے کے عالمی معیار کے وسائل تک رسائی یقینی بنائی جا سکے اور مستقبل کے لیے تیار ٹیلنٹ کوبھی اُس کی ترقی کے عزائم کی تکمیل میں مدد فراہم کر سکیں۔‘‘ایسوسی ایشن ملک میں انوویشن ویلیو چین (innovation value chain) کے لیے سرگرمی سے کام کر رہی ہے اور مشترکہ خدمات کے مراکز جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کو فروغ دے رہی ہے۔ اے سی سی اے نیشنل انکیوبیشن سینٹر جیسے اداروں کے ساتھ بھی قریبی تعاون کر رہی ہے تاکہ نئے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور اے سی سی اے کے سند یافتہ ارکان بھی ، ٹیک انٹریپرینیورز کواْن کی کاروباری حکمت عملی اور مالی استحکام میں مدد کی غرض سے بلامعاوضہ خدمات فراہم کر رہے ہیں۔