مون سون کے پیشگی اقدامات کیلئے سائٹ لمیٹڈ میں ایمرجنسی نافذ

June 09, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ لمیٹڈ انتظامیہ نے وزیرصنعت وتجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر مون سون کے پیشگی اقدامات کے لئے سائٹ لمیٹڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔اس سلسلے میں ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ پرویز احمد بلوچ نے سائٹ کراچی کامتعلقہ افسران کے ہمراہ ہنگامی دورہ کیااورسائٹ انتظامیہ کومون سون بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کے احکام جاری کردیے جبکہ صنعتی علاقے میں بعض خستہ حال سڑکوں کی مرمت اورپیچ ورکس سے متعلق بھی متعلقہ انجینئرزکوخصوصی ہدایت دیدیں۔ سائٹ صنعتی علاقے کے ہنگامی دورے کے موقع پرپرویز احمدبلوچ نے صنعتی علاقے کے مختلف نالوں اوربعض خستہ حال سڑکوں کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کی بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرلیاجائے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل، مشینری اورافرادی قوت کو مناسب اندازمیں استعمال کیاجائے۔ایم ڈی سائٹ نے بعض سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کانونس لیتے ہوئے متعلقہ انجینئرزاورعملے کو ان کی مرمت اورپیچ ورکس سے متعلق بھی خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے معیارکاخاص رکھاجائے۔انہوں نے کہاکہ مون سون سیزن سے قبل علاقے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی مکمل کرلئے جائیں،متعلقہ افسران اور عملہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں۔ڈائریکٹرکواآرڈیشن ذیشان علوی کاکہناہے کہ وزیرصنعت وتجارت جام اکرام اللہ دھاریجو اورایم ڈی سائٹ لمیٹڈ پرویز احمد بلوچ کی ہدایت کے مطابق مون سون بارشوں سے قبل پیشگی اقدامات کے لئے انتظامی طور پرایمرجنسی نافذ کرکے سائٹ کے مختلف نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ،بعض سڑکوں کی مرمت کے حوالے سروے حتمی مراحل میں ہے جس کے بعدسڑکوں کی مرمت کا کام بھی شروع کردیاجائےگا،کوشش ہے کہ بارشوں کے دوران صنعتی علاقے میں بارش کے پانی کے نکاسی کا مناسب بندوبست ہوسکے اس حوالے سے عملے کوالرٹ کردیاگیاہے،صنعتکاروں کے تعاون سے علاقے کی بہتری کے لئے دن رات کوششوں میں مصرو ف ہیں۔