بریٹ پٹ کی جارج فلائیڈ کے قتل کیخلاف ریلی میں شرکت

June 10, 2020

امریکی پولیس کی جانب سے قتل کیے گئے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے امریکا کے مشہور اداکار بریٹ پٹ Brad Pitt بھی میدان میں آ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ اتوار امریکی آسکر ایوارڈ یافتہ ہیرو بریڈ پٹ نے بھی جارج فلائیڈ کے قتل کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے نسل پرستی کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی میں شرکت کی ، اس دوران بریڈ پٹ نے جارج فلائیڈ کے نام کی ہوڈی پہن رکھی تھی اور ریلی کے ساتھ اپنی موٹر بائیک پر سفر کر رہے تھے۔


میڈیا کے مطابق لاس اینجلس کی سڑکوں پر نکالی گئی اس ریلی میں 50 ہزار افراد نے شرکت کی تھی ۔

اس سے قبل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی نسل پرستی کے خلاف ریلی میں شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست مینی سوٹا میں ایک سفید فام امریکی پولیس اہلکار سیاہ فام شخص کی گردن پر گھٹنا رکھ کر بیٹھ گیا تھا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔