عزیر بلوچ کو فوجی عدالت سے سزا کی تفصیلات جاری

June 18, 2020

حکومت نے لیاری گینگ وار کےسرغنہ مجرم عزیر بلوچ کو فوجی عدالت سے سنائی گئی سزا کی تفصیلات جاری کر دیں۔

مجرم عزیر بلوچ کو رواں برس 4 اپریل کو فوجی عدالت نے 12 سال قید کی سزا سنائی ہے، مجرم کو آرمی ایکٹ کی دفعہ 59 آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923ءکی سیکشن 3 کے تحت سزا دی گئی۔

دوسری جانب کراچی کی جیل انتظامیہ کی جانب سے مجرم عزیر بلوچ کو سخت پولیس اسکواڈ کی حفاظت میں عدالت میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

عزیر بلوچ کی عدالت میں پیشی کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ نے ایس ایس پی کورٹ پولیس کو خط ارسال کر دیا ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے خط میں لکھا گیا ہے کہ مجرم عزیر بلوچ کے خلاف دیگر عدالتوں میں مزید 59 مقدمات زیرِسماعت ہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مجرم میٹھا رام ہاسٹل میں ہے، آئندہ سماعت پر اسے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: عزیر بلوچ کا ملٹری ٹرائل مکمل، سینٹرل جیل کراچی منتقل

جیل سپرنٹنڈنٹ نے سفارش کی ہے کہ ملزم کی پیشی کے لیے مضبوط پولیس اسکواڈ بھیجا جائے، مجرم کو بکتربند گاڑی میں عدالت لایا جائے۔

واضح رہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ مجرم عزیر بلوچ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی اور سیشن کورٹس میں مقدمات زیرِسماعت ہیں۔