دال بڑا مال... ’آج دال کے مختلف ذائقوں سے دسترخوان کی شان بڑھائیں‘

June 28, 2020

دال غذائیت سے بَھرپور ایک سادہ غذا ہے اور ہردال کا اپناالگ ہی ذائقہ اور اہمیت و افادیت ہے۔ تو لیجیے، اس اتوار آپ کے پیارے گھر کے لذیذ دسترخوان کے لیے دالوں کی چند تراکیب حاضر ہیں۔ ان میں سے جو بھی آزمائیں گی، ذائقے کی داد ہی پائیں گی۔

اچاری دال

اجزاء:چنے کی دال(اُبال لیں)دوکپ، پیاز (باریک کاٹ لیں)، ٹماٹر(کاٹ لیں) ایک عدد،دہی آدھا کپ،لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،سُرخ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِِ ذائقہ، کلونجی ایک چائے کا چمچ، ایک عدد، امچور پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، میتھی دانہ ایک چائے کا چمچ،ثابت سرسوں کے دانے ایک چائے کا چمچ، سرسوں کے پیلے بیج ایک چائے کا چمچ،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ،پانی حسبِ منشاء، ہرا مسالا(ہری مرچیں، دھنیا اور پودینا)حسبِ ضرورت،اور تیل دو سے تین کھانے کے چمچ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں۔اب اس میں ثابت سرسوں، پیلے سرسوں کے بیج اور میتھی دانہ ڈال کر اچھی طرح بھون کر لیموں اور ہرے مسالے کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر اتنا بھونیں کہ دہی اچھی طرح مِکس ہوجائے۔پھر پانی شامل کرکے ایک اُبال آنے پر دال ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں اور ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ آخر میں لیموں کا رس اور ہرا مسالا چِھڑک کر دَم دے دیں۔

ملکہ مسور

اجزاء:ثابت مسور کی کالی دال(چار چھے کے لیے بھگو دیں)ایک پاؤ،پیاز(کٹی ہوئی)دو عدد،ٹماٹر(کاٹ لیں)دو عدد،لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ منشاء،دار چینی ایک عدد، سیاہ مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،بڑی الائچی ایک عدد،ثابت گول سُرخ مرچ دس عدد، پانی حسب ضرورت، املی کی چٹنی ایک کھانے کا چمچ اور تیل پانچ کھانے کے چمچ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔پھر اس میں لہسن، ادرک کا پیسٹ، دارچینی، بڑی الائچی اور ثابت سُرخ مرچ ڈال کر بھون لیں۔اس کے بعد ٹماٹر ڈال کرڈھکن ڈھک کے درمیانی آنچ پر پکنارکھ دیں، جب ٹماٹر گل جائیں، تو اس میں ثابت مسورڈال کر اچھی طرح بھون کرنمک، گرم مسالا پاؤڈر، سیاہ مرچ پاؤڈر اور سُرخ مرچ پاؤڈرڈال کرمزید بھون لیں۔ آخر میں حسبِ ضرورت پانی ڈال کر ڈھکن ڈھک کر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔اور املی کی چٹنی مِکس کردَم دے دیں۔

پالک دال

اجزاء:پالک آدھا کلو، مونگ کی دال(بھگو دیں)دو کپ،لہسن (موٹا کوٹ لیں) چار جوے،ٹماٹر(کاٹ لیں)دو عدد، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ثابت سیاہ مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچ،لونگ چھے عدد،دار چینی دو عدد، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، ٹماٹر کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،چکن پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہری مرچیں چار عدد، پانی حسبِ منشاء اور تیل چار کھانے کے چمچ۔

ترکیب:پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں لہسن، کالی مرچ، لونگ اور دارچینی ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ پھر ٹماٹر ڈال کر کچھ دیربھونیں اور سُرخ مرچ، ہلدی، نمک ،ٹماٹر کا پیسٹ اور دال ڈال کرخُوب اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد گرم مسالا، دھنیا ،چکن پائوڈر، ہری مرچیں اور ایک پیالی پانی ڈال کر ڈھکن ڈھک کے 15منٹ پکنے دیں، تاکہ دال گل جائے۔اس کے بعد پالک اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کرپھر اچھی طرح بھونیں اور ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 20منٹ کے لیے دَم دے دیں۔گرما گرم چپاتی یا چاولوں کے ساتھ سِرو کریں۔ (صائمہ ناز، میرپور خاص)