اسپورٹس راؤنڈ اپ

June 23, 2020

پاکستان بیس بال فیڈریشن نے کوچز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ رکھیں اور ان کو آن لائن ٹپس اور فٹنس کے حوالے سے صورت حال کا جائزہ لیتے رہیں،ان خیالات کا اظہار پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نےلاہور میںپاکستان انڈر18 ایشین بیس بال چیمپئن شپ تائیوان شرکت کے حوالے سے میٹنگ میں کیا۔ جس میں پچنگ کوچ طارق ندیم، بیٹنگ کوچ عامر امداد، پاکستان انڈر 18ٹیم کے کوچ عمیر بھٹی ، ٹیم ٹرینر محمود احمد اور شاہد رضا نے شرکت کی۔ سید فخر شاہ نے کوچز کو ہدایت کی کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ آن لائن رابطے میں رہیں اور فی الحال کھلاڑی گھروں میں خود کو محفوظ رکھتے ہوئے پریکٹس جاری رکھیں۔

کورونا ای بین الصوبائی کا تا کراٹے ایونٹ میں شریک کھلاڑی ایکشن میں

سنیئر اسپورٹس جرنلسٹ اور اے پی پی کراچی کے سابق نمائندہ خصوصی (اسپورٹس) احسان قریشی کے بھائی عابد علی قریشی لاہور میں انتقال کرگئے ان کی عمر 76 برس تھی اور وہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن لاہور سے 2004ء میں بطور ڈائریکٹر ریٹائرڈ ہوئے تھے، ان کے انتقال پر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی، سیکرٹری محمد ظفر، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن صد مدثر آرائیں، سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا، پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں اور اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد نے سینئر سپورٹس جرنلسٹ احسان قریشی سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے سابق انٹر نیشنل بیڈ منٹن کھلاڑی اور سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے فنانس سکریٹری رفعت محی الدین بدھ کو کراچی میں انتقال کر گئے ان کی عمر 74برس تھی، انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ان کے انتقال پر سندھ بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے عہدے داروںنثار شیخ معین احمد، ماہیہ معین،سلیم پراچہ، قومی کھلاڑی ، احسن قمر اور دیگر نے تعزیت کی ہے۔مرحوم ان دنوں کراچی جیم خانہ کے بیڈ منٹن کوچ بھی تھے۔ایشین نیٹ بال فیڈریشن کی جنرل کونسل کا آن لائن سالانہ اجلاس آئندہ ہفتے 17 جون کوہوگا۔

اجلاس کی صدارت ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے صدر داتین نارومن کریں گے، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایاکہ اجلاس میں ایشین انڈور گیمز، ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ اور عالمی کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاریوں کے حوالے سے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی، ایشین انڈور گیمز آئندہ جون 2021ء میں تھائی لینڈ میں منعقد ہونگےجس میں نیٹ بال کے کھیل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ایشین نیٹ بال فیڈریشن سے منسلک ممالک کے نمائندے آن لائن جوائن کرتے ہوئے گیمز کی ترقی کے لئے اپنی اپنی مختلف رائے اور تجویزیں دیں گے، مدثر آرائیں نے مزید بتایاکہ دنیا میں پھیلی ہوئی کرونا وائرس کی وباء کے باعث ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے صدر داتین نارومن نے یہ اجلاس خصوصی طور پر آن لائن لنک کے ذریعے بلایا ہے۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر برائے اسپورٹس اینڈکلچر کو فون کر کےکرونا وائرس سے متاثرہ وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر عبد الخالق ہزارہ کی خریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر فیڈرل اسپورٹس کمیٹی کی کانفرنس میں شرکت کریں گے جو جلد منعقد ہو گی .وفاقی وزیر نے کہا کہ ورچوئل کانفرنس میں کرونا وائرس کے بعد کھیلوں پر اس کے پڑنے والے اثرات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔کانفرنس میں کھیلوں کو وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز کے تحت دوبارہ بحال کرنے پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں صوبوں کی طرف سے کھلاڑیوں کی بہتری کے اقدامات پر بھی غور ہو گا، پاکستان روپ اسکیپنگ فیڈریشن کے زیراہتمام دو روزہ آن لائن قومی روپا[ ا سکیپنگ کوچنگ کورس 27 جون سے شروع ہو گا، کورس کا افتتاح انٹرنیشنل روپ اسکیپنگ فیڈریشن کے ہرپال سنگھ فلورا کریں گے، گذشتہ روز پاکستان روپ ا سکیپنگ فیڈریشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایاکہ کورس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور کورس کے انتظامات کو آئندہ چند روز بعد فیڈریشن کی مجلس عاملہ کے ہونے آن لائن اجلاس میں آخری شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورس میں ملک بھر سے اسپورٹس ٹیچرز، کوچز اورکھلاڑی حصہ سکتے ہیں، کورس کے شرکاء کو انٹرنیشنل تجربہ کار ٹیکنیکل آفیشلز اور کوچز روپ ا سکیپنگ کے نئے قوانین، ٹیکنیک، فزیکل فٹنس، خوراک اور ادویات کے مضر اثرات کے حوالے سے لیکچرز دیں گے جن میں انٹرنیشنل روپ ا سکیپنگ فیڈریشن کےڈائریکٹر مارٹن، موگی شارف (بوسٹوانا)، فاطمہ شیبانی (ایران) ، دیوش (بھارت) کے علاوہ پاکستانی آفیشلز بھی شامل ہیں، پاکستان جوجیٹسو فیڈریشن اپنے تمام وابستہ اداروں، عہدیداروں اور کھلاڑیوں کے لئے قومی اینٹی ڈوپنگ ورچوئل سیمینار کی میزبانی کرے گا۔

اسں نیشنل اینٹی ڈوپنگ سیمنارسے پاکستان کے ڈوپنگ کنٹرول ماہر ، ڈاکٹر عکسی مالِک، ممبر ، اینٹی ڈوپنگ اینڈ ایجوکیشن کمیٹی، جوجیٹسو ایشین یونین اور ڈاکٹر وردہ حمید ، ممبر ، میڈیکل کمیٹی، جوجیٹسو ایشین یونین، ویبنار اور دیگر خطاب کریں گے۔سندھکراٹے ایسو سی ایشن کے سیکریٹری سینسی عبدالحمید کے مطابق پاکستان کراٹے فیڈریشن کی زیر نگرانی کوڈ 19 ای کراٹے کاتا بین الصوبائی ٹورنامنٹ مقابلے پورے پاکستان میں مرحلہ وار مقابلے کلبز اور ڈسٹرکٹ کی سطح پرشروع ہو گئے ہیں جس میں 16 سال کے لڑکے اور لڑکیاں آن لائن کراٹے کاتا کے مقابلوں میں حصہ لےرہے ہیں۔

یوم پاکستان باسکٹ بال کی تقریب انعامات کے موقع پر مخدوم ریاض حسین اور غلام محمد خان کے ساتھ گروپ

صوبہ سندہ میں بھی پہلے مرحلے میں 6 اضلاع کے کراٹے کلب کی سطح پر مقابلے ہوئے،جس میں ضلع حیدر آباد کے عامر خان ،علی لغاری ،رمشا لغاری سکھر کے عبدالستار خان ،عبدالغفار خان ،لاڑکانہ کے نذیر علی شیخ ،نسیم علی شیخ ،میر پور خاص کے حسنین علی لغاری ،عمران علی ،بے نظیر آباد (نواب شاہ) کے معاذ ۔سعد نذیر ،سانگھڑ کے محمد زبیر خلجی ،فاروق احمد بنگلزئی نے کامیابی سمیٹ کر دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔سندھ کے دیگر اضلاع کے مقابلوں کے بعد تیسرے مرحلے میں سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ای کراٹے ٹورنامنٹ منعقد ہوگا اور جیتنے والے 2لڑکے اور 2لڑکیاں بین الصوبائی مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے صدر مخدوم ریاض حسین نے کہا کہ سندھ حکومت کا محکمہ کھیل جس انداز میں صوبے میں کھیلوں کو فروغ دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے وہ قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،مشیر کھیل بنگل خان مہر اور سیکریٹری اسپورٹس سید امتیاز علی شاہ کو دل کی گہرائیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کے اقدام سے نہ صرف صحت مند سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں بلکہ ہمارا نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر میدانوں کی طرف راغب ہورہا ہے۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے یوم پاکستان سندھ اسپورٹس بورڈ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے منتظم اعلیٰ ٹورنامنٹ غلام محمد خان،ممتاز ماہر تعلیم اسما ء کوثر، اسپورٹس فار لائف کے شہزاد قاضی،اسد عباد علی،یوتھ کمیٹی ملیر کے صدر سید فیضان حسین نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مہمان خصوصی مخدوم ریاض حسین نے یوم پاکستان SSBٹورنامنٹ کی فائنلسٹ قائد اعظم الیون،علامہ اقبال الیون،قائد ملت شہید لیاقت علی خان الیون اور حفیظ جالھندری الیون کے کپتانوں کو ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کئے جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حمزہ پروانی،بہترین اسکورر کا ایوارڈ عثمان خواجہ،بہترین دفاعی کھلاڑی کا ایوارڈ حسن اقبال،بہترین فارورڈ ایان علی اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا ایوارڈ حبیب پبلک اسکول کے طالب علم دانیال خان مروت کو دیا گیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد نے مہمان خصوصی کو سوینئر پیش کیا ۔