خواجہ آصف کا طلبی نوٹس نیب نیازی گٹھ جوڑ کی مثال ہے،شہباز شریف

June 25, 2020

مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف نے سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف کی نیب میں طلبی کے نوٹس کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کی مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سیاسی انتقامی کارروائیوں سے حکومت کی نااہلیاں اور ناکامیاں چھپ نہیں سکتیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر محمدشہباز شریف نےکہا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو نیب طلبی کا نوٹس درحقیقت نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں اور نااہلیوں پر سے توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنار ہی ہے ۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں 26 جون صبح 11 بجے طلب کیا ہے، ان پر نیب کی جانب سے دستیاب زمین سے زیادہ زمین فروخت کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا بھی الزام ہے،جبکہ کیس میں خواجہ آصف کے اہلخانہ کے ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔