عام بخار کا علاج گھر میں کیسے کریں؟

June 26, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بہت سے افراد گرمی یا تھکن کے نتیجے میں عام بخار کا شکار ہو رہے ہیں جس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے بخار کی علامات ظاہر ہوتے ہی اپنی تسلی کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ضرور کروالیں، رزلٹ منفی آنے پر بخار کا علاج گھر میں ہی کریں۔

طبی ماہرین کے مطابق ہر بخار، کھانسی اور زکام کورونا نہیں ہے ، جب تک آپ کو معلوم نہ ہو جائے یہ کونسا بخار ہے اُس وقت تک پریشان ہونے اور اسپتال جانے سے گریز کریں، آپ اپنے گھر میں ہی رہتے ہوئے اپنے ڈاکٹر سے فون پر رابطہ کر سکتے ہیں اور ظاہر ہونے والی علامات سے متعلق بتا کر ڈاکٹر سے تجاویز لے سکتے ہیں ۔

ماہرین کے مطابق اگر بخار 3، 4 دن سے ہے تو ایسے میں اسے کورونا سمجھا جا سکتا ہے اور اگر بخار ہلکا 99 ڈگری فارن ہائیٹ تک ہے تو ایسے میں جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے گھر میں دوائی سے بھی مدد لی جا سکتی ہے ۔

کووِڈ 19 کے دوران بخار ہو جائے تو کیا کریں ؟

جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے کی صورت میں اپنے معالج سے رجوع کریں اور خود سے دوا لینے کے بجائے معالج کی تجویز کردہ دوا کا استعمال کریں، اور اگر درجہ حرارت کم ہے تو گھر میں پیرا سٹہ مول دوا کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق 99 درجہ حرارت پر دوا لینے سے گریز کریں اور اگر درجہ حرارت بڑھ کر 100 تک چلا جاتا ہے تو اب پیرا سٹہ مول لی جا سکتی ہے ۔

اگر بخار کے ساتھ اور بھی علامات ہیں تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور اپنی علامات صحیح طریقے سے اپنے ڈاکٹر کو بتائیں ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بخار ہونے کی صورت میں خود کو پریشان ہونے سے بچائیں ، یہ ایک عام وائرل بخار بھی ہو سکتا ہے ، اپنا درجہ حرارت بار بار چیک کرتے رہیں ، علامات پر کڑی نظر رکھیں ، زیادہ درجہ حرارت ہونا، سانس لینے میں دشواری ہونا، پٹھوں میں درد اُٹھنا ، چکھنے اور سونگھنے کی صلاحیت کا ختم ہو جانا، ان علامات کا ظاہر ہونا کووڈ 19 ہو سکتا ہے ۔

درجہ حرارت زیادہ ہونے کی صورت میں پَلز اوکزیمیٹر pulse oximeter (خون میں آکسیجن لیول ، آکسیجن سیچوریشن، SpO2 ماپنے کا آلہ) کے استعمال سے اپنے خون کی آکسیجن کا جائزہ لیتے رہیں ، آکسیجن سیچوریشن 90 فیصد سے کم آنے پر فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں، یا ڈاکٹر کے پاس خود چلے جائیں ۔

کووڈ 19 کے دوران گھر میں بخار کا علاج کیسے کریں ؟

بخار ہو جانے کی صورت میں سب سے پہلے پر سکون رہیں اور پریشان ہونے سے بچیں ، بخار کم اور ختم کرنے کے لیے صدیوں سےاستعمال کیے جانے والےگھریلوں ٹوٹکوں سے فائدہ اٹھائیں۔

زیادہ سے زیادہ مقدار میں مائع غذاؤں کا استعمال کریں

بخار سے آپ کے جسم سے پانی ختم ہو سکتا ہے ، خود کو ہائیڈریٹڈ رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مائع غذاؤں کا استعمال کریں جن میں پانی ، پھلوں کا رس، سبزیوں، دالوں ، کا سوپ ، یخنی وغیرہ کا استعمال مفید ثابت ہوگا ۔

آرام کریں

عالمی وبا کورونا وائرس کے آغاز سے ہی طبی ماہرین آرام اور زیادہ نیند لینے پر زور دے رہے ہیں ، خود کو پریشانی سے بچائیں اور زیادہ سے زیادہ نیند لیں اور آرام کریں، سوتے وقت انسانی جسم میں مرمت کا عمل شروع ہو جاتا ہے ، تناؤ اور کھنچاؤ سے متاثر پٹھے، دماغی خلیے سمیت جسمانی اعضاء کو بھی آرام ملتا ہے اور صحت جلد بہتر ہوتی ہے ۔

ٹھنڈی جگہ کا انتخاب کریں

خود کو گرمی سے بچائیں اور ٹھنڈی جگہ پر رہیں ، اس سے بخار میں کمی آئے گی ، اگر بخار اور ٹھنڈ سے کپکپاہٹ طاری ہو جائے تو ایسی صورت میں نیم گرم پانی سے نہائیں اور پانی پئیں۔