کووڈ19 کے دوران ماسک پہن کر ورزش کی جا سکتی ہے؟

June 29, 2020

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہن کر ورزش کرنے کے نتیجے میں آکسیجن کی کمی اور زہریلی گیس کے دوبارہ پھیپھڑوں میں جانے سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ برائے صحت ’ڈبلیو ایچ او‘ کے مطابق کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننا نہایت ضروری ہے مگر ورزش کے دوران ماسک پہننے کے نتائج خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں ۔

ورزش کے دوران ماسک پہننے سے متعلق ماہرین کا کیا کہنا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وبا کے دوران گھر میں ہی ورزش کرنا بہتر ہے ، اگر باہر کھلی فضا میں ورزش کرنا چاہتے ہیں تو ماسک پہننے کے بجائے سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھنا نہ بھولیں ۔

طبی ماہرین کے مطابق ورزش کے دوران دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے ، سانس کے ذریعے انسان زیادہ سے زیادہ آکسیجن اندر کھینچ رہا ہوتا ہے اور مضر صحت گیس ’کاربن ڈائی آکسائیڈ‘ باہر نکال رہا ہوتا ہے ، اس دوران پسینہ آنے کی صورت میں ماسک گیلا ہو سکتا ہے جس سے سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک پہن کر ورزش کرنے سے ہائپر وینٹیلیشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں دماغی صلاحیت متاثر ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک پہن کر ورزش کرنے کے نتیجے میں آپ ذہنی الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں، دل کا دورہ پڑنے کے خدشات کئی گنا بڑھ سکتے ہیں اور آکسیجن کی صحیح مقدار نہ ملنے پر بے ہوش بھی ہو سکتے ہی۔

ماہرین کے مطابق اگر اچھا محسوس کرنے کے لیےکھلی فضا میں ورزش کرنے نکلے ہیں اور ساتھ میں ماسک بھی پہن رکھا ہے تو یہ صحت کے لیے فائدہ مند کم نقصان کا سبب زیادہ بن سکتا ہے ، ماسک پہن کر سائیکلنگ ، رننگ یا جاگنگ کی رفتار بھی متاثر ہو گی۔

ماسک پہن کر ورزش کرنے کے نتیجے میں تھکنے کے علاوہ اور کوئی مثبت پہلو حاصل نہیں ہوگا ۔

ماہرین کے مطابق اگر آپ ماسک کے ساتھ ورزش کر رہے ہیں اور اس دوران سینے میں درد ، چکر آنا اور سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہو تو فوراً کہیں آرام سے بیٹھ جائیں اور اپنی سانسیں بحال ہونے تک آرام کریں۔

ماہرین کے مطابق جو گھر میں ورزش کرنے کے عادی ہیں یا اس وبا کے دوران گھر میں ورزش کر رہے ہیں اُن کے لیے ماسک پہننا لازمی نہیں ہے ۔

ماہرین کے مطابق اگر گھر سے باہر ہلکی پھلکی چہل قدمی کرنے کی غرض سے نکلے ہیں تو ایسی صورت میں ماسک کا استعمال کیا جا سکتا ہے ، ایسا ماسک جس سے ہوا کا گزر آسان ہو ۔

جو افراد دمہ ، دل کے عارضے اور پھیپھڑوں کی کسی بیماری میں مبتلا ہیں تو اُن کا ماسک پہننا نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔