حکومت نے پیٹرول مافیا کو اربوں روپے کمانے کا موقع فراہم کیا ، ملک نور اعوان

June 29, 2020

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک ہی دن میں پیٹرول پچیس روپے فی لیٹر مہنگا کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ہے اور پیٹرول مافیا کو اربوں روپے نفع کمانے کا موقع فراہم کیا ہے۔اس حکومتی اقدام نے عوام کی معاشی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

ملک نور اعوان نے یہ بات مسلم لیگ یوتھ ونگ کے نائب صدر جانو فیضان خان کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ حکومت کا ہر عمل یوٹرن سے بڑھ کر ہے، ماضی میں ہوائی جہاز کے حادثے پر عمران خان وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کا استعفیٰ مانگتے تھے آج خود استعفیٰ دینے سے کتراتے ہیں۔

ماضی میں ریل کے حادثوں پر ریلوے وزیر کا استعفیٰ مانگتے تھے آج شیخ رشید کو نہیں ہٹا پا رہے، ماضی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو ظالم کہا کرتے تھے آج خاموش بیٹھے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ان کی باتوں میں تضاد نہیں ہوتا، حقیقت تو یہ ہے کہ ان کی ہر بات میں تضاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی اب حکومت سے تنگ آچکے ہیں جبکہ اتحادی بھی ساتھ چھوڑ رہے ہیں لگتا ہے کہ اب حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے نائب صدر فیضان جانو خان نے ملک نور اعوان اور دیگر ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور عنقریب وہ ایک دفعہ پھر وزیر اعظم بنیں گے۔

جانو فیضان خان نے کہا کہ میاں نواز شریف نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں رہنے والے ایک کڑوڑ اوورسیز پاکستانیوں میں بھی مقبول ترین لیڈر ہیں امید ہے جلد ہی ایک بار پھر پاکستان میں ن لیگ کی حکومت قائم ہوگی ۔

تقریب سے مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری عنصر اور نائب صدر مرزا اکرم نے بھی خطاب کیا۔