یونس خان کی خدمات کا اعتراف پی سی بی کی اچھی پالیسیوں کا تسلسل

June 30, 2020

پروفیسر اعجاز فاروقی

(سابق رکن گورننگ بورڈ پی سی بی)

ایسے وقت میں جبکہ لگ یہی رہا تھا کہ شائد 2020میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوسکے گی۔بالاخر پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کی سرزمین پر ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں سے مشاورت کی اور انہیں اختیار دیا کہ وہ نہیں جانا چاہتے تو دورے سے نام واپس لے سکتے ہیں۔حارث سہیل نے فیملی مسائل کی وجہ سے انگلینڈ جانے سے معذرت کر لی۔

ایک کرکٹ آرگنائزر اور سچے پاکستانی کی حیثیت سے میرے لئے اس سے اچھی خبر نہیں ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ شروع ہورہی ہے اور پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے بعد اب انگلش سر زمین پر ہے۔پاکستان سپر لیگ جس مایوس کن انداز میں ختم ہوا تھا اب ایکشن میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شر کت کے بعد یہی توقع ہے کہ پاکستانی کھلاڑی انگلش سر زمین پر ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئےاچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور بورڈ آف گورنرز کے نمائندے کی حیثیت سے مجھے اس دورے میں اپنے شہر کے دو کھلاڑیوں کی کارکردگی سے دلچسپی ہے۔سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ چھ ماہ جو کچھ کیا گیا اس پر کراچی میں شائقین کرکٹ میں غم وغصہ پایا جاتا تھا میں احسان مانی اور وسیم خان کے ساتھ ساتھ مصباح الحق کا شکر گذار ہوں جنہوں نے سرفراز احمد کو دوبارہ ٹیم میں جگہ دی۔

تینوں فارمیٹ کی کپتانی اور ٹیم سے سرفراز احمد کو جس طرح ڈراپ کیا گیا تھا اس سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے تھے۔مجھے امید ہے کہ سرفراز احمد اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔سرفراز احمد کو انصاف دلوانے کی پاداش میں ماضی میں مجھے پی سی بی کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔سرفراز احمد فائیٹر ہے اور مجھے یقین ہے پاکستان کی فتوحات میں اہم کرداد ادا کرے گا۔سرفراز احمد کے بعد کراچی کا ایک اور کھلاڑی فواد عالم ناانصافیوں کا شکار رہا ہے۔

حارث سہیل کی عدم موجودگی میں فواد عالم کو یقینی طور پر گیارہ کھلاڑیوں میں جگہ ملے گی۔فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں انتہائی شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود کئی سالوں سے نظرانداز کیے جاتے رہے ہیں تاہم موجودہ چیف سلیکٹر مصباح الحق نے انہیں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا اور اب وہ انگلینڈ کے دورے پر جانے والی ٹیم کا حصہ بھی ہیں۔فواد عالم کے لئے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے ہورہے ہیں۔

ایک تجزیہ کار کی جانب سے یہ کہا گیا کہ پاکستان کو دورہ انگلینڈ فوراً منسوخ کر دینا چاہیے تو ایک صارف نے لکھا کہ خبردار کسی نے دورہ منسوخ کرنے کی بات کی، اتنی مشکل سے فواد عالم کو موقع ملنے والا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز میں یونس خان جیسا چیمپئن بیٹنگ کوچ بن کر جارہا ہے۔یہ فیصلہ موجودہ بورڈ کے بڑے اہم فیصلوں میں سے ایک ہے۔امید ہے کہ یونس خان کی موجودگی میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو فائدہ ہوگا۔ایک بڑے کھلاڑی کی خدمات کا اعتراف ہی موجودہ بورڈ کی اچھی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔