ملک میں شرح خواندگی 60 فیصد، 30 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے، ادارہ شماریات

June 29, 2020

وفاقی ادارہ برائے شماریات نے شہریوں کے طرز زندگی سے متعلق سروے رپورٹ جاری کی ہے۔ اسلام آباد سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح خواندگی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مردوں میں شرح خواندگی کا تناسب 71 فیصد جبکہ خواتین میں شرح خواندگی کا تناسب 49 فیصد ہے۔

ملک بھر میں 30 فیصد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ اسکول نہ جانے والے بچوں کی سندھ میں تعداد 42 فیصد، بلوچستان میں 59 فیصد، خیبر پختونخوا میں 28 فیصد اور پنجاب میں یہ تعداد21 فیصد ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں پرائمری تک 87، مڈل تک 63 اور میٹرک تک 57 فیصد بچے اسکول جاتے ہیں۔

ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 95 فیصد گھروں میں موبائل فونز کی سہولت ہے۔ شہروں میں یہ سہولت 55 فیصد ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 39 فیصد لوگوں کے پاس موبائل فونز کی سہولتہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق 18فیصد آبادی پائپ لائن، 24 فیصد نل کا اور 35 فیصد موٹر پمپ سے پانی حاصل کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تاحال 12 فیصد آبادی ٹوائلٹ کی سہولت سے محروم ہے۔