ورلڈکپ 2011ء فائنل معاملہ: ڈی سلوا او اوپل تھرنگا کے بیان ریکارڈ

July 01, 2020

کیا2011 ورلڈ کپ کا فائنل فکس تھا؟ سری لنکا نے تحقیقات کا آغاز کردیا، چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا اور اوپنر اوپل تھرنگا کو طلب کرکے ان کے بیانات ریکارڈ کرلئے گئے، فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

سری لنکا کے وزیر کھیل نے چند روز پہلے یہ بیان دے کر کہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان 2011 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل فکس تھا، ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

ان سنگین الزامات کے بعد سری لنکا میں بھی تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے، سری لنکا کی وزارت کھیل کے خصوصی انویسٹی گیشن ڈویژن نے سب سے پہلے چیف سلیکٹر سابق کپتان اروندا ڈی سلوا کو طلب کیا، ان سے چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ ہوئی جس میں ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔

سری لنکا کی وزارت کھیل کے خصوصی انویسٹی گیشن ڈویژن نے اوپنر اوپل تھرنگا کو بھی طلب کرکے سوالات کئے۔

اوپل تھرنگا فائنل میچ میں آدھے گھنٹے وکٹ پر موجود رہے 20 گیندوں کاسامنا کیا اور صرف دو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

تحقیقات کے آغاز میں ابھی صرف دو ہی لوگوں کو طلب کیا گیا ہے لیکن تحقیقات بڑھانے کیلئے مزید کرکٹرز کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔