ششانک منوہر چیئرمین آئی سی سی کے عہدے سے الگ ہوگئے

July 01, 2020

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر اپنے عہدے سے الگ ہوگئے، ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نئے چیئرمین کے انتخاب تک قائم مقام چیئرمین کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ششانک منوہر آئی سی سی کے دو مرتبہ دو، دو سال کی مدت کے لیے چیئرمین رہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو منو سواہنے نے ششانک منوہر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بطور آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر نے کھیل کی بہتری کے لیے جو کیا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے ششانک منوہر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کا نام آئی سی سی چیئرمین شپ کے لیے سامنے آیا ہے، جبکہ آئی سی سی بورڈ کے بعض ارکان پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو آئی سی سی کا سربراہ دیکھنا چاہتے ہیں۔