شادی ہال ایسوسی ایشن کا چوک نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ

July 02, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) شادی ہال ایسوسی ایشن ملتان سرپرست اعلیٰ حاجی طارق محبوب،چیئرمین حسن محمود خان،صدرمیاں نصرت حسین ،جنرل سیکرٹری محمد کاشف ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میر ج ہال ایک بہت بڑی انڈسڑی بن چکی ہے جس سے لاکھوں لوگوں کاروزگار وابستہ ہے ۔ہمارے میرج ہال 14مارچ کو 3ہفتے کے لیے بوجہ کرونا بند کردیے گئے تھے، انہوں نے کہاکہ لوگوں کے فنکشن کینسل کرتے ہوئے ایڈوانس میں لی گئی رقم کو واپس کیا جس کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوا، ساڑھے تین ماہ ہوگئے ہیں میرج ہال بند رہنے کی وجہ سے ہمیں بہت مالی نقصان کا سامناہے، ان کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہائوس میں تقریبات ،عشائیے منعقد کیے جا سکتے ہیں تو میرج ہال کھولنے کی اجازت کیوں نہیں دی جاسکتی ۔ہم وزیر اعظم پاکستان،وزیر اعلی پنجاب ،گورنر پنجاب ،چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمیں میرج ہالز کھولنے کی اجازت دیں ۔اگر 15جولائی تک ہمیں میر ج ہال کھولنے کی اجازت نہیں دی تو ہم خود ہال کھول لیں گے اور کمشنر آفس ،ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیں گے جو کہ مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔پریس کانفرنس سے قبل چوک نواں شہر پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ممبران اور میرج ہال ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حل کے لیے نعرے لگائے۔