ہیلتھ کیئر نے میڈیکل سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری بحال کردی

July 02, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب نے کرونا وائرس کے سبب ہسپتالوں،مراکز صحت پر سٹاف کی معطل کی گئی بائیو میٹرک حاضری بحال کردی ہے۔اس سلسلے میں جاری نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں،دیہی و بنیادی مراکز صحت کا سٹاف احتیاطی تدابیر اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر(ایس او پیز)پر عملدرآمد کرتے ہوئے بائیو میٹرک حاضری لگائے۔ہر بائیو میٹرک مشین کے ساتھ ہینڈ سیناٹائزر کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔دریں اثناء سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے سرکاری ہسپتالوں میں بائیومیٹرک حاضری کے حوالے سے نوٹیفیکشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے بائیومیٹرک حاضری کو منقطع کیا گیا تھا ،ان احکامات سے بیماری پھیلنے کا خطرہ ہے لہذا فوری طور پر یہ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔