سب کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور سب فٹ ہیں، بابر اعظم

July 02, 2020


انگلینڈ کے شہر ووسٹر میں موجود ون ڈے ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹریننگ میں بیٹنگ اور بالنگ پریکٹس اچھی رہی، سب کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور سب فٹ ہیں۔

کپتان بابر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے دوران اسپورٹس جرنلسٹ ڈے کے موقع پر اسپورٹس جرنلسٹس کو مبارکباد پیش کی ۔

بابر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے دوران انگلینڈ کے شہر ووسٹر میں جاری پریکٹس اور کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوک کا بال انگلینڈ میں استعمال ہوتا ہے، بال کا زیادہ فرق ہے، انگلینڈ میں پرفارم کرنے کے بعد دیگر ممالک کے خلاف بھی کھیلنے کا اعتماد ملتا ہے، ٹارگٹ ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ٹیم کو ٹاپ پر لانا ہے۔

بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں تبدیلیاں کیں تو ٹی ٹونٹی کارکردگی پر فرق پڑا، ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس وقت ٹیسٹ سیریز پر فوکس ہے، میرا فوکس یہ ہے کہ کارکردگی اچھی ہو جس سے ٹیم جیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انگلینڈ میں دو سیریز برابر کی ہیں اور ہم اعتماد کے ساتھ یہاں آئے ہیں مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گے، یہاں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے ہم اچھے انداز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

اُن کا کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا بالنگ اٹیک بھی اچھا ہے عباس کو یہاں کھیلنے کا تجربہ ہے ، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی ردھم میں ہیں انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز انگلینڈ سیریز سے فائدہ ہوگا انہیں کھیلتا دیکھ کر نئی پلئینگ کنڈیشنز کا اندازہ ہو گا، یونس خان اور مصباح الحق کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، یونس خان اور مصباح الحق مل کر پلان بنا رہے ہیں۔

بابر اعظم کا محمد رضوان سے متعلق کہنا تھا کہ محمد رضوان کو پورا موقع ملنا چاہیے وہ پہلی چوائس ہیں ، محمد رضوان فٹ ہوگئے ہیں اور وہ انگلینڈ آ رہے ہیں انہیں ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا موازنہ پاکستان کھلاڑیوں کے ساتھ کریں گے تو اچھا لگے گا، ہمارے بھی بہت بڑے بڑے لیجنڈ ہیں ان سے موازنہ کیاجائے تو اچھا لگےگا ۔

بابر اعظم نے کہا ہے کہ لارڈز میں کھیلنے میں مزہ آتا ہے لیکن حالات ایسے ہیں کہ بس کرکٹ شروع ہونی چاہیے ۔