پی ایس ایل کے باقی میچز نومبر میں کرانا پہلی ترجیح قرار

July 02, 2020

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں سیزن (پی ایس ایل ) فائیو کے باقی ماندہ چار میچز نومبر میں کرانا پہلی ترجیح قراردے دی گئی ہے جبکہ کوویڈ 19 کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔

پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فرنچائزز سے مشاورت کے بعد پی ایس ایل کے ملتوی شدہ میچز نومبر میں کرانا پہلی ترجیح رکھی گئی ہے، جبکہ پی ایس ایل کے میچز کے لیے مزید غور جاری رہے گا، کوویڈ 19 کی وجہ سے کئی معاملات غیر یقینی کا شکار ہیں۔

حکام کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان باہمی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق ہوا ہے۔

گورننگ کونسل نے پی ایس ایل کو الگ شعبہ بنانے کے اقدام کو سراہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ گورننگ کونسل کا ایک اہم اجلاس تھا، پی ایس ایل کو سب مل کر ایک بڑا، مضبوط اور بہتر برانڈ بنانے کےلیے کوشاں ہیں۔

سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ پارٹنر شپ کا اہم پہلو باہم مشاورت ہے، گورننگ کونسل کے اجلاس میں نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے علیحدہ شعبے کا قیام انتہائی ضروری ہے۔