امریکی فوج نے 100؍ میٹر دور کھڑے مجرم کو برقی جھٹکا دیکر مفلوج کرکے پکڑنے والا ہتھیار بنا لیا

July 03, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) ترقی یافتہ ملکوں میں پولیس والے امن عامہ کو نقصان پہنچانے والے پرتشدد افراد کو پکڑنے کیلئے ان پر ایک برقی پستول (ٹیزر) استعمال کرتے ہیں جس سے وہ بیہوش ہو جاتے ہیں یا پھر معمولی وقت کیلئے مفلوج ہو جاتے تھے۔ تاہم، ٹیزر استعمال کرنے کیلئے پولیس والوں کا ملزم کے قریب ہونا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اب امریکی میرین کور نے طویل فاصلے سے فائر کرنے والا ٹیزر تیار کر لیا ہے جسے اسپیکٹر کا نام دیا گیا ہے جس میں برقی رو ملزم کے جسم تک دور تک پھینکی جا سکتی ہے۔ اسپیکٹر کا مطلب سمال آرمز پلسڈ الیکٹرونک ٹیٹنائزیشن ایٹ ایکسٹنڈڈ رینج ہے اور یہ ہارکنڈ ڈائنامکس والے کولراڈو ریاست میں تیار کر رہے ہیں۔ یہ ہتھیار بنانے کیلئے امریکی محکمہ دفاع نے فنڈنگ فراہم کی ہے اور بتایا ہے کہ اسپیکٹر کو 12؍ گیج کی شاٹ گن سے بھی فائر کیا جا سکتا ہے اور 300؍ میٹر دور کھڑے شخص کو بھی ہدف بنایا جا سکتا ہے۔