خواتین کو روز گارکی فراہمی کیلئے اقدامات کر ر ہے ہیں، عبدالکریم

July 03, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں خواتین کو روز گارکے مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر ر ہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین انٹرپر ینیورز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ خواتین انٹر پرینیورز کے وفد نے اقبال بانو کی سربراہی میں معاون خصوصی سے جمعرات کے روز پشاور میں ملاقات کی اورویمن انٹرپرینورز کے مسائل اور کورونا سے پیدا ہونے والے کاروباری بحران کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفد نے سٹیٹ بینک کی جانب سے دیئے جانیوالے کاروباری قرضوں کی شرائط اور اس میں حائل رکاوٹوں ، قرضوں کے طریقہ کار اور یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف کے امورسے معاون خصوصی کوآگاہ کیا معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کااہم حصہ ہیں اور ان کو معاشی عمل میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ کو ہدایت جا ری کی کہ ان مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور خواتین کو سلائی کڑھائی کی ضروری تربیت میں ان کی معاونت کی جائے اس موقع پر فیصلہ کیا گیاکہ وفد معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت کے ساتھ ہر ماہ ملاقات کرے گا۔ جس میں خواتین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔