عطائیوں کیخلاف کارروائی، 13کلینکس ختم کرنے کے احکامات

July 03, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں صوبے بھر میں عطائیوں اور غیر مستند طبی سہولیات فراہم کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کر دیئے۔ کمیشن کے ترجمان ڈائریکٹر آپریشن سید ولایت شاہ کیمطابق رواں 23مقدمات کو نمٹاتے ہوئے 9لاکھ 35ہزار جرمانہ عائد کیا گیا، 13کلینکس کوجرمانہ کر کے مستقل طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اورطبی سہولیات فراہم کرنیوالے 10مراکز صحت کو جرمانہ کر کے بیان حلفی لیا گیا کہ وہ آئندہ صحت کے بنیادی اصولوں کیمطابق علاج معالجہ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مقصود علی نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ صوبے کے عوام کو حکومت کے منشور اور صحت کے بنیادی اصولوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی ہیلتھ کئیر کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے، مراکز صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر اور محفوظ بنانے اور عطائیت کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔