بجلی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، سراج تیلی

July 03, 2020

چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی نے بجلی کی قیمت میں 2اعشاریہ 89 روپے فی یونٹ اضافے کو مسترد کردیا ہے۔

ایک بیان میں سراج قاسم تیلی نےکہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عوام پہلے ہی مشکل سے دوچار ہیں، انہیں مزید پریشان نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے سے کاروباری لاگت اور مہنگائی بڑھے گی، اس لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کو فوراً واپس لیا جائے۔

چیئرمین بزنس مین گروپ نے مزید کہا کہ مشکل سے ملنے والی بجلی کی قیمتیں بڑھانا عوام اور تاجروں پر ظلم ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک ٹیرف میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔